ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انتخابات سے پہلے ملائم اور اکھلیش کی بڑھ سکتی ہے مشکلیں،سی بی آئی کو عدالت کا نوٹس

انتخابات سے پہلے ملائم اور اکھلیش کی بڑھ سکتی ہے مشکلیں،سی بی آئی کو عدالت کا نوٹس

Mon, 25 Mar 2019 23:46:06    S.O. News Service

نئی دہلی،25 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے ایس پی لیڈر ملائم سنگھ یادو اور ان کے بیٹے اکھلیش اور پرتیک کے خلاف آمدنی سے زائدجائیداد معاملے میں سی بی آئی کو جانچ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات کی مانگ والی درخواست پر پیر کو جانچ ایجنسی کو نوٹس جاری کیا۔

چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس دیپک گپتا کی بنچ نے سی بی آئی سے اس معاملے میں تحقیقات کی صورتحال بتانے کے لئے دو ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کو کہا۔ بنچ کانگریس لیڈر وشوناتھ چترویدی کی اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی جس میں سی بی آئی کو معاملے کی تحقیقات کی صورتحال عدالت کو بتانے کے لئے ہدایات دینے کی درخواست کی گئی۔چترویدی نے 2005 میں عدالت عظمی میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کرکے سی بی آئی کو یہ ہدایت دینے کی درخواست کی تھی کہ ملائم، اکھلیش اور ان کی بیوی ڈمپل اور پرتیک کے خلاف بدعنوانی کی روک تھام قانون کے تحت مقدمہ چلانے کے لیے مناسب کارروائی کی جائے۔درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ ان لوگوں نے اپنے عہدوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے آمدنی کے معلوم ذرائع سے زائد جائیداد حاصل کی۔عدالت عظمی نے ایک مارچ 2007 کو اپنے فیصلے میں سی بی آئی کو الزامات کی تحقیقات کرنے اور یہ پتہ لگانے کی ہدایت دی تھی کہ سماج وادی پارٹی رہنماؤں کی آمدنی سے زائد جائیداد سے متعلق عرضی صحیح ہے یا نہیں۔

عدالت نے 2012 میں ملائم اور ان کے بیٹوں کے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا اور سی بی آئی کو اس معاملے کی جانچ کے لئے آگے بڑھنے کی ہدایت دی تھی۔تاہم عدالت نے ڈمپل کی درخواست قبول کرتے ہوئے سی بی آئی کو ان کا نام تحقیقات سے ہٹانے کی ہدایت دی تھی اور کہا تھا کہ وہ کسی عوامی عہدے پر قابض نہیں تھیں۔عدالت نے ایک مارچ 2007 کے اپنے حکم میں ترمیم کیا اور سی بی آئی سے حکومت کے سامنے نہیں بلکہ عدالت کے سامنے صورتحال کی رپورٹ پیش کرنے کو کہا تھا۔چترویدی نے اپنی نئی درخواست میں کہا کہ شکایت درج ہونے ، عدالت کی ہدایات اور اس سلسلے میں ایک باقاعدہ مقدمہ درج ہونے میں تاخیرکے درمیان طویل وقفہ رہا اور 11 سال سے اس معاملے میں کسی کارروائی کے بغیر غیر معمولی طویل وقت گزر چکا ہے۔باقاعدگی کے ساتھ معاملہ درج کرنے کے لئے یہ موضوع اب بھی سی بی آئی کے سامنے زیر التوا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ اب تک ملائم ،اکھلیش کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی اور اس سے نہ صرف پورے معاملے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا بلکہ یہ ہماری جانچ ایجنسیوں کی اہمیت اور ایمانداری پر سنگین سوال اٹھے۔ 
 


Share: